فرانسیسی ادارے اے ایف ڈی کے وفد کی چیئرمین واپڈا سے ملاقات ، باہمی اُمور پر تبادلہ خیال
لاہور:(دنیا نیوز) فرانسیسی مالیاتی ادارے اے ایف ڈی کے وفد کی چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید سے ملاقات کی۔
وفد کی سربراہی اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر ایشیا سیرل بلیئر کر رہے تھے، ملاقات میں اے ایف ڈی کی معاونت سے واپڈا کے زیرِتعمیر پن بجلی منصوبوں کے مالی معاملات بارے تبادلہ خیال کیا گیا، ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اے ایف ڈی واپڈا کے 5 زیرتعمیر پن بجلی منصوبوں کے لئے 351 اعشاریہ 5 ملین یورو قرض فراہم کررہا ہے، اِن منصوبوں میں منگلا، وارسک، درگئی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کے بحالی منصوبے شامل ہیں۔
دوسری جانب ہارپو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی تعمیر میں بھی اے ایف ڈی کی معاونت شامل ہے اور درگئی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کے لئے 2 لاکھ یورو کی گرانٹ بھی فراہم کر رہا ہے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا کرنے میں واپڈا کی معاونت پر اے ایف ڈی کے شکر گزار ہیں، اُمید ہے مستقبل آنے میں یہ باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔
علاوہ ازیں ڈائریکٹر ایشیا اے ایف ڈی نے کہا کہ پاکستان کے نیشنل گرڈ میں کم لاگت، گرین اور کلین انرجی کے اضافے میں واپڈا کا کردار قابل تعریف ہے، واپڈا کے منصوبوں کی تعمیر میں مالی معاونت جاری رکھیں گے۔