رواں مالی سال کے پہلے6 ماہ کے دوران بڑے شعبوں کی برآمدات میں کمی ریکارڈ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران بڑے شعبوں کی برآمدات گرگئیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تادسمبرغذائی اجناس کی برآمدات میں40.29 فیصد کمی ہوئی اور اس عرصے میں غذائی اجناس کی برآمدات کاحجم 2ارب36کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں حجم تقریباً 4 ارب ڈالر تھا۔
دستاویز کے مطابق جولائی تا دسمبرچاول کی برآمدات میں 49.90 فیصد، سبزیوں کی برآمدات میں36.80 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات نے بتایاکہ جولائی تا دسمبر ٹیکسٹائل برآمدات میں0.90 فیصداضافہ ہوا اور پہلی ششماہی میں ٹیکسٹائل برآمدات کاحجم 9 ارب 16 کروڑ ڈالر رہا جبکہ جولائی تادسمبر ملکی پلاسٹک کے سامان کی برآمدات میں43.66فیصد کمی ہوئی۔
دستاویز کے مطابق جولائی تا دسمبر فارما سیوٹیکل کی برآمدات میں 28.67 فیصد اور ٹرانسپورٹ سامان کی برآمدات میں36.51 فیصد کمی ہوئی۔