پاکستان جتنا منافع دنیا کی کسی سٹاک مارکیٹ میں نہیں: وزیر خزانہ

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اس وقت کامیابی کی جانب رواں دواں ہے،اعتماد کے بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی گھنٹی بجانے کی تقریب سے ورچوئلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے، سرمایہ کاروں کی جانب سے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کارے سے انکے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقی کی سمت کی نشاندہی کر دی گئی ہے، بجٹ کے حوالے سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا معاہدے میں کامیابی سفارتی کوششوں میں دوست ممالک کے مشترکہ عزم کا ثبوت ہے، پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل پر امریکا اور ایران کی قیادت نے اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایران اور امریکا جنگ بندی کے معاہدے پر جمعہ کو دستخط ہوں گے، پاکستان گزشتہ 3 ماہ سے اس معاہدے کی کامیابی کیلئے سفارتی کوششیں کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش ہو چکا ہے اور پارلیمنٹ میں اس پر بحث جاری ہے، بجٹ نے سفر کی درست سمت کی نشاندہی کر دی ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کیسے ہو گی، آئندہ مالی سال میں مزید معاشی بہتری کی توقعات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کے چین کے دورے کے دوران سی پیک بی ٹو بی ہو گیا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے، پاکستان جیسا منافع دنیا کے کسی ملک کی سٹاک مارکیٹ میں نہیں، سروس لانگ مارچ منصوبے کے آغاز سے ہی اس کے ساتھ وابستہ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سروس لانگ مارچ کا تصور ابتداہی سے برآمدات پر مبنی تھا، کورونا وبا کے عروج میں سروس لانگ مارچ منصوبہ مکمل کیا گیا، سروس لانگ مارچ انجینئرنگ کا ایک شاندار شاہکار ہے، چینی ماہرین اور کارکنوں نے دن رات محنت کر کے منصوبہ مکمل کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں