ارجنٹائن میں فیفا ورلڈکپ دیکھنے کے لیے مفت ٹی وی دینے کا اعلان
بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) فٹبال ورلڈکپ سے قبل ارجنٹائن میں فٹبال بخار کے ساتھ ایک انوکھی صورتحال سامنے آئی ہے، امریکا کا ویزا نہ ملنے والے شائقین کو تسلی دینے کے لیے ایک مقامی کمپنی نے مفت ٹی وی دینے کا اعلان کیا ہے۔
ارجنٹائن میں کئی فٹبال شائقین کو 2026 ورلڈکپ دیکھنے کے لیے امریکا کا ویزا نہیں مل سکا، تاہم اب ان کے لیے ایک کمپنی نے غیر معمولی پیشکش کر دی ہے۔
ارجنٹائن کے بڑے کاروباری ادارے نیوزان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مقامی برانڈ نوبلیکس کے 100 ٹیلی ویژن سیٹ ان افراد کو مفت دے گا جو بیونس آئرس میں اس کے دفتر کے باہر قطار میں کھڑے ہوں اور یہ ثابت کریں کہ انہیں رواں سال جنوری سے جون کے درمیان امریکا کا ویزا مسترد کیا گیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری اشتہار میں کہا گیا کہ ہمیں اپنا مسترد شدہ ویزا دکھائیں اور مفت ٹی وی حاصل کریں۔
اس موقع پر ایک خوش نصیب شخص ٹوماس واگیلر بھی شامل تھا، جو 24 سالہ پروفیشنل ویڈیو گیم پلیئر ہے، اس نے کہا کہ وہ ویزا کے لیے اس امید پر گیا تھا کہ یہ لیونل میسی کا آخری ورلڈکپ ہو سکتا ہے۔
ٹوماس واگیلر کے مطابق میں بہت افسردہ ہوں کہ میں ورلڈکپ دیکھنے نہیں جا سکوں گا، لیکن کم از کم مجھے ایک تحفہ ضرور مل گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن میں ورلڈکپ کے حوالے سے جوش و خروش موجود ہے، تاہم گزشتہ 2022 کے مقابلے میں اس بار ماحول نسبتاً کم گرم ہے، 2022 کے ایڈیشن کو بہت سے شائقین لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کی آخری بڑی امید کے طور پر دیکھ رہے تھے۔
اب 2026 ورلڈکپ کے آغاز سے چند روز قبل ہی یہ انوکھی پیشکش اور ویزا مسائل شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔