کراچی پورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری، 2027 تک ٹاپ 50 میں شامل ہونے کا ہدف
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے عالمی سطح پر نمایاں پیشرفت کرتے ہوئے کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس (CPPI) میں 30 درجے بہتری حاصل کر لی ہے۔
کے پی ٹی انتظامیہ کے مطابق عالمی رینکنگ انڈیکس میں کراچی پورٹ کی درجہ بندی بہتر ہو کر 69ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے، جو بندرگاہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کا سی پی پی آئی (CPPI) اسکور 30 سے بڑھ کر 45.7 ہو گیا ہے، جس سے بندرگاہ کی آپریشنل استعداد اور کارکردگی میں واضح اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
کے پی ٹی انتظامیہ نے بتایا کہ ادارے کا اگلا ہدف عالمی درجہ بندی میں مزید بہتری لاتے ہوئے سال 2027 تک کراچی پورٹ کو ٹاپ 50 بندرگاہوں میں شامل کرنا ہے۔