پاکستان اور ایتھوپیا کا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے ترقیاتی تجربات میں مماثلت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بینکاری روابط مضبوط بنانے اور تجارتی و مالیاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی تنازعات کے توانائی کی فراہمی، کھاد کی دستیابی اور غذائی تحفظ پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ بیرونی معاشی دھچکوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی رابطوں اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی روابط کو فروغ دینے کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments