فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کرنے والا ملزم سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے میں ہلاک
ملتان: (دنیا نیوز) تھانہ ڈی ایچ اے کے علاقے عنایت پور میں فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کرنے والا ملزم سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
حکام کے مطابق ہیڈ محمد والا روڈ پر موٹر سائیکل سواروں نے دوران ناکہ بندی سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی، سی سی ڈی جوانوں نے بھی جوابی ہوائی فائرنگ کی۔
دوران فائرنگ سید محمد کاشف نامی شخص اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والا ملزم سسرال کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ سے بیوی رضیہ بی بی کو قتل اور سالے حسنین شاہ کو شدید زخمی کرکے فرار تھا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ملزم نشہ کا عادی تھا، گھریلو مسائل کے نتیجے پر بیوی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا، آج سی سی ڈی کے مقابلہ میں ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ملزم چند دن قبل تھانہ الپہ کے علاقے پکی پل پر دکانداد محمد علی کے قتل میں بھی ملوث تھا، ہلاک ملزم قتل کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ملزم کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ملزم کی گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آ گئیں۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش بذریعہ ریسکیو 1122 نشتر ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔