وزن بڑھانے کے بعد بولیمیا کا شکار ہوگئی تھی: فاطمہ ثنا کا انکشاف
دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ فلم دنگل کیلئے وزن بڑھانے کے بعد وہ ایک خطرناک بیماری بولیمیا کا شکار ہوگئی تھیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فاطمہ ثنا شیخ نے بتایا کہ فلم دنگل میں کردار کی ضرورت کے مطابق انہیں روزانہ ڈھائی ہزار سے تین ہزار کیلوریز لینا پڑتی تھیں تاکہ وزن بڑھایا جا سکے، شوٹنگ کے دوران وہ باقاعدگی سے ورزش بھی کرتی تھیں تاہم فلم مکمل ہونے کے بعد انہوں نے ورزش چھوڑ دی جبکہ زیادہ کھانے کی عادت برقرار رہی۔
اداکارہ کے مطابق اسی عدم توازن کے باعث وہ بولیمیا نامی ایٹنگ ڈس آرڈر میں مبتلا ہوگئیں، ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ دو دو گھنٹے تک مسلسل کھاتی رہتی تھیں اور پھر جان بوجھ کر الٹی کر دیتی تھیں تاکہ کیلوریز جسم میں جذب نہ ہوں۔
فاطمہ ثنا شیخ نے کہا کہ اس دوران ان کا خود پر کنٹرول ختم ہو گیا تھا، کبھی وہ بہت زیادہ کھاتی تھیں اور کبھی مکمل طور پر کھانا چھوڑ دیتی تھیں، اس کیفیت نے انہیں شدید ذہنی دباؤ اور احساسِ جرم میں مبتلا رکھا، انہیں یہ سمجھنے میں وقت لگا کہ مسئلہ صرف کھانے کی عادات کا نہیں بلکہ ذہنی صحت کا بھی تھا۔
ماہرین کے مطابق بولیمیا ایک سنجیدہ ذہنی و جسمانی عارضہ ہے جس میں مریض غیر معمولی طور پر زیادہ کھانے کے بعد وزن بڑھنے کے خوف سے نقصان دہ طریقے اختیار کرتا ہے اس لیے بروقت تشخیص اور علاج نہایت ضروری ہے۔