لاہور ہائیکورٹ: 23 دسمبر سے جنوری کے پہلے ہفتے تک اسکول بند کرنے کا حکم
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں اسکولوں کو 23 دسمبر سے 4 جنوری تک بند کر دیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی یقین دہانی پر لاہور ہائیکورٹ نے 21 دسمبر کو نوٹفکیشن پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستوں میں بتایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود سموگ پر قابو نہیں پایا جا رہا۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے اسموگ میں حالیہ اضافہ ہر تشویش کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں پنجاب میں اسکولوں سے متعلق کیا اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ 23 دسمبر سے 4 جنوری تک پنجاب میں اسکولز بند کرنے جا رہے ہیں۔
اس پر عدالت نے کہا کہ اب فیصلے کا وقت ہے، پنجاب حکومت اس کا نوٹیفکیشن پیش کرے۔ لاہور ہائیکورٹ پنجاب حکومت کی یقین دہانی پر اسکول 23 دسمبر سے 4 جنوری بند کرنے کا نوٹفکیشن پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ایسے اقدامات سے اسموگ میں بہتری آئی گی۔
دوران سماعت کمیشن نے پی ایس ایل کے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تجاویز عدالت میں پیش کر دیں، جس میں سی ٹی او کی جانب سے کھلاڑیوں کو ائیر پورٹ کے قریب ہوٹل میں رکھنے اور پھر ہوٹل سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گراؤنڈ منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ عدالت نے اس حوالے سے کارروائی 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔