لاہور سموگ سے آفت زدہ قرار، پی ڈی ایم اے نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سموگ سے آفت زدہ قراردیتے ہوئے نوٹیفکیشن لاہور ہائی کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، نوٹیفکیشن میں سموگ کے تدارک کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے خاتمے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت پی ڈی ایم اے نے سموگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ لاہور کو سموگ سے آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے صوبے میں سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سموگ کا باعث بننے والی اشیاء کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ڈی سیز کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ چیف سیکرٹری نے سموگ کے خاتمے کے لیے کیا کوئی اقدامات یا سرکلر جاری کیا جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ وہ چیف سیکرٹری سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کریں گے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وہ چیف سیکرٹری بھی دیکھیں ہیں جن کے کمرے میں جاتے ہوئے وزیراعلی دو مرتبہ سوچتے تھے، اگر چیف سیکرٹری چاہے تو بارہ گھنٹوں میں سب ٹھیک ہوسکتا ہے۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے درخواستوں پر سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کردی اور تمام اداروں کو اقدامات کی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔