سموگ کے باعث لاہور کے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار 3 چھٹیوں کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سموگ کے باعث ہفتے میں 3 دن سکولوں کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت سے قبل سکولوں کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جمع کرا دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز (6 دسمبر) سموگ کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران پنجاب حکومت کو ہفتے میں 3 چھٹیوں کا نوٹی فکیشن پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
پنجاب حکومت نے سماعت سے قبل ہی سکولوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن عدالت جمع کرا دیا۔
پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی سکول تاحکم ثانی جمعہ، ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کے تمام نجی اداروں کے ملازمین کے ہفتے میں دو دن گھر سے کام کرنے کا نوٹیفکیشن عدالت پیش کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمپنیاں، نجی ادارے اور ملازمین جمعہ اور ہفتہ کو گھر سے کام کریں گے، عدالتی حکم کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق آج سے کیا جائے گا، نجی اداروں کے ملازمین 15 جنوری تک گھروں سے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس شاہد کریم نے نجی اداروں کےملازمین کو سموگ کےباعث دو دن گھروں سے کام کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔