حکومت کا پٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر کمی کا اعلان
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے 59 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل بھی 10 روپے سستا کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں
کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 214.80 روپے فی لٹر
ڈیزل کی نئی قیمت 228.80 روپے فی لٹر
مٹی کا تیل 171.83 روپے فی لٹر
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 169.0 روپے فی لٹر
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 31 دسمبر تک ہو گا۔
پٹرولیم مصنوعات کی گزشتہ فی لٹر قیمت
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لٹر 10 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے کمی کا اعلان کیا گیا۔
پٹرول کی فی لٹر قیمت 224 روپے 80 پیسے
ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے
مٹی کے تیل کی قیمت 181 روپے 83 پیسے
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 189 روپے 78 پیسے
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے 15 روز یعنی یکم سے 15 دسمبر تک برقرار رہیں گی، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 15 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا۔
اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، 16 نومبر سے 30 نومبر تک وہی قیمتیں ہوں گی جو آج سے نافذالعمل ہیں۔
اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔