پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر پمپس اچانک بند، عوام خوار
لاہور/ راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات میں ممکنہ اضافے کی اطلاعات پر راولپنڈی اور لاہور میں مالکان نے متعدد پٹرول پمپس کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو پٹرول کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
راولپنڈی شہر کی اہم شاہراہوں مری روڈ، مال روڈ، ایئرپورٹ پر متعدد پٹرول پمپس کو مالکان نے بند کر دیا ہے جبکہ پٹرول کی تلاش میں شہری مارے مارے پھر رہے ہیں، بند پمپس پر موجود عملے نے بتایا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو دیکھتے ہوئے پٹرول پمپس کو مالکان نے بند کیا ہے۔
ادھر پٹرول کی تلاش میں پھرنے والے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے موقع پرست پٹرول پمپس مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
دوسری جانب لاہور شہر میں پمپ بند ہونے کی وجہ سے شہری پریشان ہیں جبکہ جو پٹرول پمپ کھلے ہیں وہاں مالکان کار والوں کو دو ہزار روپے سے زائد کا پٹرول فراہم نہیں کر رہے، بعض پٹرول مالکان نے سپلائی یاریٹ بڑھنے کے پیش نظر پمپ بند کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور سمیت مختلف شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے لگی
پٹرول کم دینے پر پمپ انتطامیہ اور گاہکوں کے درمیان تکرار بھی جاری ہے جبکہ اس تمام تر صورتحال کے باوجود ضلعی انتظامیہ لاہور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے جبکہ شہری پمپوں پر پیٹرول کے حصول کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبریں سامنے آئی ہیں، گوجرانوالہ میں 50 فیصد سے بھی کم پٹرول پمپس پر تیل دستیاب ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، دیپالپور، رحیم یار خان، بہاولپور ، شیخوپورہ، خانیوال اور ساہیوال سمیت کئی شہروں میں بھی پٹرول نایاب ہوگیا ہے، صارفین کو تیل حاصل کرنے کیلئے لمبی قطاروں میں لگنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کیلئے ہر چیز کا حصول مشکل ہوگیا ہے، پٹرول مہنگا ہونے کے باوجود ہمیں مل نہیں رہا۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد خیبرپختونخوا میں تیل کی قلت پیدا ہو گئی، صوبے میں پمپ مالکان نے پٹرول کی فروخت کم کر دی ہے جس کے باعث صارفین کو تیل کے حصول میں دشواری کا سامنا رہا، نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے معاملے کا نوٹس بھی لیا ہے۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے میڈیا میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو مسترد کر دیا۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں تیل کی قیمتوں سے متعلق زیر گردش خبریں بے بنیاد ہیں، میڈیا پر چلنے والی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق معلومات غلط ہیں، عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر ان چیزوں کو نظر انداز کیا جائے۔
اوگرا کی وضاحت کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبروں کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں مالکان نے تیل کی فروخت روک دی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن پمپس پر پٹرول کی سیل جاری ہے وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔