ایسا چلتا رہا تو پنجاب میں آئندہ پی ایس ایل نہ کرانے کا حکم دینگے: لاہور ہائیکورٹ
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سال کا شیڈول پیش نہ کرنے کی صورت میں اگلے ایونٹ کے پنجاب میں انعقاد کو روکنے کا اشارہ دے دیا۔
پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے گرین بیلٹس پر بیریئرز کو ہٹانے کا حکم دے دیا، عدالت عالیہ نے آئندہ سال پی ایس ایل کا پلان بھی طلب کر لیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ عدالت پی سی بی کو دو سال سے کہہ رہی ہے آئندہ سال کا پلان شیئر کرے، اگر ایسے چلتا رہا تو پنجاب میں آئندہ پی ایس ایل نہ کروانے کا حکم جاری کر دیں گے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ دو سال کے آرڈر دیکھ لیں پی سی بی کورٹ کے حکم کو نہیں مان رہا، سٹیڈیم کے گرد کھلاڑیوں کے لئے ہوٹل تعمیر کرنے کی تجویز کے بعد سے پی سی بی غائب ہے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ عدالت کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
عدالت نے کہا کہ ٹریفک کا رول سب سے اہم ہے، ٹریفک کے رش کو کم کرنے کیلئے پلان بنائیں، اصل مسئلہ تجاوزات ہیں، تجاوزات ہٹا دیں تو سڑک کھل جائے گی۔
دوران سماعت سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ سڑکوں پر ٹریفک جام سے آگاہی کے لئے ٹیلی فون نمبر آویزاں کر دیئے ہیں۔
عدالت نے ایل ڈی اے اور سی ٹی او لاہور سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ 14 مارچ کو طلب کر لی۔