ن لیگ بھی کراچی میں متحرک، نواز کے استقبال کیلئے بڑا قافلہ لے جانے کی تیاری
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی سیاست میں نئی سیاسی تبدیلیاں،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے بعد ن لیگ بھی کراچی میں متحرک ہو گئی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے ن لیگ کی سندھ سے بڑا قافلہ لے جانے کی تیاری مکمل کر لی گئی، مسلم لیگ ن سندھ نے سپیشل ٹرین کا شیڈول بھی فائنل کر لیا ہے۔
سپیشل ٹرین سابق وزیر اعظم کی واپسی سے ایک دن پہلے 20 اکتوبر کو چلے گی، پیپلز پارٹی کے مضبوط گڑھ تھرپارکر اور عمرکوٹ سے قافلوں کی لاہور روانگی متوقع ہے، کراچی اور حیدرآباد سے دو سپیشل ٹرین کارکنان کو لیکر لاہور پہنچیں گی۔
دونوں سپیشل ٹرینوں میں 18، 18 بوگیاں ہوں گی، پہلی ٹرین کراچی کینٹ سٹیشن سے صبح 11 بجے چلے گی اور حیدرآباد، ٹنڈو آدم، میرپور خاص سمیت 21 سٹیشنز پر رکے گی۔
دوسری سپیشل ٹرین دوپہر تین بجے حیدر آباد سٹیشن سے روانہ ہو گی جو نوابشاہ، پنو عاقل، گھوٹکی سمیت 13 سٹیشنز پر رکے گی۔