سموگ تدارک کیلئے چین کے ماہرین ماحولیات کی خدمات لینے کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) سموگ کے تدارک کیلئے چین کے ماہرین ماحولیات کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ان کے آفس میں ملاقات کی، ملاقات میں چین کے ماہرینِ ماحولیات کی خدمات سے استفادہ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر بلال افضل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سموگ کے دیرپا حل کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، سموگ پر قابو پانے کے لئے ہمیں چین کی حکومت کا تعاون درکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سموگ کا تدارک: پنجاب حکومت کا مصنوعی بارش برسانے کا پلان
انہوں نے کہا کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 400 کی خطرناک شرح پر جانے کی صورت میں اس کا واحد شارٹ ٹرم حل مصنوعی بارش ہے، پنجاب حکومت چینی یونیورسٹیوں اور ماحولیاتی اداروں کے ماہرین کے درمیان قریبی رابطہ استوار کرنے کی خواہاں ہے۔
صوبائی وزیرنے کہا کہ اگلے ایک ماہ تک سموگ ختم ہو جائے گی لیکن ہم اس مسئلے کا مستقل حل اور آنے والی حکومت کے لئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بلال افضل نے کہا کہ لاہور میں سموگ کی حالیہ شدت کی 30 فیصد شرح انڈیا سے چلنے والی ہوائیں ہیں جبکہ 70 فیصد شرح مقامی ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اور گرد و غبار کی وجہ سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مصنوعی بارش کیا ہے اور سموگ کیخلاف کس حد تک فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے؟
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سموگ تدارک کیلئے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں، ہماری حکومت پنجاب میں سموگ کے فوری سدباب کیلئے تکنیکی و فنی اعانت کو تیار ہے، سموگ پر کنٹرول کیلئے چین کے ماہرینِ ماحولیات کے وفود جلد پنجاب کا دورہ کریں گے۔
چینی قونصل جنرل نے لاہور میں ایئر پیوری فِکیشن ٹاور بنانے کی تجویز پیش کی، ایئر پیوری فِکیشن ٹاور فضائی آلودگی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہو گا۔