پرندوں کی خریدوفروخت کیلئے پنجاب بھر میں لائسنس کے اجراء کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے صوبہ بھر میں پرندوں کی خریدوفروخت کیلئے لائسنس کے اجراء کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹوئنٹل مارکیٹ میں پولٹری کا کاروبار ہوتا ہے، یہ پولٹری کے کاروبار کے لیے بنائی گئی تھی، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس وقت وہاں پر پرندوں کی خرید وفروخت ہورہی ہے، جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ یہ معاملہ محکمہ وائلڈ لائف کو دیکھنا چاہئے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پرندوں کی خرید و فروخت کے لیے پنجاب بھر میں لائسنس کا اجراء کیا جائے، پورے پنجاب کی حدود میں بغیر لائسنس پرندوں کو فروخت نہ کیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ نہر کی صفائی کے بعد مٹی ہرطرف پھیل رہی ہے، محکمہ انہار اس پر کچھ نہیں کر رہا، ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے تجویز دی کہ سکولوں کالجوں میں ایک پریڈ شجرکاری کی مہم کے لیے بھی رکھا جائے۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے تدارک سموگ سے متعلق دائر درخواستوں پر مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں