پاور سیکٹر جدت کی جانب گامزن، بجلی میٹر میں انسانی مداخلت ختم، ریڈنگ والے دن ہی بل ملے گا

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاور سیکٹر میں جدت کی طرف ایک اور قدم اٹھا لیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ملک میں پہلی بار ایڈوانس میٹر لگا رہی ہے جس میں انسانی مداخلت نہیں ہوگی۔

چیئرمین آئیسکو ڈاکٹر امجد خان نے کہا کہ منصوبے کے تحت راولپنڈی میں 12 لاکھ میٹرز لگائے جائیں گے، ایڈوانس میٹرنگ منصوبے کی لاگت 109 ملین ڈالر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر جگہ مینول میٹر لگے ہوئے ہیں جس میں انسانی مداخلت ہوتی ہے، ہمارے پاس روزانہ بلنگ اور ریڈنگ غلط ہونے کی شکایت آتی ہے، ایڈوانس میٹر سے انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی۔

چیئرمین آئیسکو ڈاکٹر امجد خان نے کہا کہ ایڈوانس میٹر سے بجلی کی کھپت سے متعلق لوگوں کو آگاہی ہوگی، اگر میٹر میں کوئی خرابی ہو گی تو شکایات کئے بغیر آئیسکو آفس کو پتہ لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 7 دن بعد بل لوگوں تک پہنچایا جاتا تھا، ایڈوانس میٹر کے ذریعے ریڈنگ والے دن ہی صارف کو بل موصول ہو جائے گا۔

امجد خان نے مزید بتایا کہ دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جا رہی ہے، اگر کوئی صارف اضافی بل کی شکایت کرے تو آئیسکو پورا ریکارڈ دکھا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کے پاس بجلی کی خریدوفروخت کا گھنٹوں کے حساب سے ڈیٹا موجود ہوگا، ڈیٹا موجود ہونے کی وجہ سے فیوچر پلاننگ میں آسانی ہو گی۔

چیئر مین آئیسکو ڈاکٹر امجد خان نے کہا کہ ایڈوانس میٹر میں مداخلت کرنے سے میٹر خودکار نظام کے تحت بند ہو جاتا ہے، ایڈوانس میٹرنگ سے بجلی چوری روکنے میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں