سعودی عرب کا ماہرین اور کاروباری شخصیات کو شہریت دینے کا اعلان

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور کاروباری شخصیات کو شہریت دینے کا اعلان کر دیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں ایک شاہی فرمان کے تحت غیر معمولی صلاحیتوں اور مہارتوں کے حامل متعدد سائنسدانوں، اطباء، محققین، موجدوں اور کاروباری شخصیات کو شہریت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

شاہی حکمنامے کے تحت میڈیکل، سائنس، ثقافت، کھیل اور فنی مہارتوں کی حامل شخصیات کو سعودی عرب کی شہریت دینے کا فیصلہ مملکت کے ویژن 2030ء کے بیان کردہ اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

اقدام کا مقصد سعودی قوم کو بے مثل افراد کی صلاحیتوں سے بہرہ مند کراتے ہوئے ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں انسانی قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے منفرد اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو مملکت کے قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل نمائندہ افراد کو سعودی عرب کی شہریت دینے کے فیصلے کا مقصد مخصوص شعبوں کی قابل شخصیات کی قابل قدر مہارتوں کو معیشت، صحت، ثقافت، کھیل اور ندرت فکر سے عبارت منفرد ماحول میں سعودی عرب کی تعمیر و ترقی کا حصہ بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ 2021ء میں بھی شاہی فرمان کے تحت زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں صلاحیت اور کارکردگی کا مظاہرہ والی شخصیات کو سعودی عرب کی شہریت دی جا چکی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں