اووربلنگ کی شکایات پر تین اداروں نے لیسکو افسران کیخلاف انکوائری شروع کر دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پروٹیکٹڈ صارفین کو اوور بلنگ کی شکایات پر ادارے متحرک ہو گئے، نیپرا، ایف بی آر اور ایف آئی اے نے لیسکو افسران کیخلاف انکوائری کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ صارفین کو نئے پرو ریٹا کے ذریعے اضافی بل بھجوائے گئے، انکوائری رپورٹ آج مرتب کی جائے گی، لیسکو افسران کیخلاف کارروائی کیلئے وزیر اعظم آفس کو رپورٹ بھجوائی جائے گی، جن صارفین کو پرو ریٹا بل ملے وہ واپس ہوں گے، صارفین کو 3 ہزار کی بجائے 8 ہزار روپے بل بھجوائے گئے ہیں، پرو ریٹا سسٹم کی منظوری کنسلٹنٹ منسٹری اور لیسکو انتظامیہ نے دی تھی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ نے پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا، صارفین کو اوور بلنگ کرنے والے افسروں اور عملے کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے محسن رضا نقوی نے کہا کہ 200 یونٹ استعمال کرنیوالے صارفین کیساتھ ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی، پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، اوور بلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں