وزیراعلیٰ پنجاب کا سموگ سے نجات کیلئے صنعتی علاقوں میں شجرکاری بڑھانے کا فیصلہ

لاہور : (دنیانیوز) سموگ سے نجات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صنعتی علاقوں میں شجرکاری بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے گرد جدید ٹیکنالوجی سے گرین رنگ بنانے کا انقلابی فیصلہ کر لیا، لاہور گرین ماسٹر پلان کے تحت درختوں کی دیوار بنائی جائے گی، درختوں کا حفاظتی حصار بنا کر کاربن کی روک تھام اور آکسیجن کی مقدار بڑھائی جائے گی ، ہر درخت کی جیو ٹیگنگ بھی ہو گی، صنعتوں کے اشتراک عمل سے شجرکاری بڑھائی جائے گی۔

سموگ کے تین ماہ میں طلبہ اور تعلیمی اداروں کو خاص طور پر گرین پراجیکٹس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں اور طلبہ کو بھی گرین فورس بنانے کی ہدایت کر دی۔

ادھر ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر پنجاب حکومت کا آپریشن کلین اپ بھی پوری قوت سے جاری ہے ، ماڈل ٹاﺅن میں دھواں پھیلانے پر مختلف فوڈ ہاﺅسز کو کارروائی کر کے سیل کیا گیا، فضائی آلودگی پھیلانے پر 2 فیکٹریاں سیل ، 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد، 3 بھٹے اور پلاسٹک پگھلانے والے 4 پلانٹ بھی مسمار کئے گئے، آلودگی پھیلانے پر 296 گاڑیوں کے چالان، 592000 روپے کے جرمانے، 102 گاڑیاں بند کی گئیں۔

پنجاب حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ریت اور مٹی کی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپ کر منتقل کیا جائے، سخت نگرانی سے سڑکوں پر گرنے والی ریت 45 ٹن سے کم ہو کر 0.45 ٹن ہو گئی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں