رواں سال چینی مارکیٹ میں 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز کا اجرا نہیں ہو گا

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) رواں مالی سال چینی مارکیٹ میں 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز کا اجرا نہیں ہو سکے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پراسیس میں زیادہ وقت لگنے کے باعث جون 2025 کے بعد پانڈا بانڈز کا اجرا ہو سکے گا، رواں مالی سال ایکسٹرنل فنانسنگ میں پانڈا بانڈز اجرا کا پلان شامل ہے، 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری نہ ہونے کے باعث ایکسٹرنل فنانسنگ کا بوجھ بڑھے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چائنہ ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس سے پانڈا بانڈ جاری کرنے کیلئے حمایت مانگی گئی تھی، کمپنی کی حمایت کے بغیر کمرشل بینک سرمایہ کاری کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بانڈز بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی اور خسارہ پورا کرنے کیلئے جاری ہوں گے، رواں مالی سال کی آئندہ سہ ماہی کے دوران پانڈا بانڈز کا اجرا کیا جانا تھا، بانڈز ٹرانزیکشن کیلئے چین کی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیز سے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں