سیاسی جماعتوں کے مذاکرات سے معاملات بہتر ہوتے ہیں:اعظم تارڑ

وزیرآباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے آپس میں بیٹھنے سے معاملات بہتر ہوتے ہیں۔

وزیر آباد میں شادی کی تقریب میں اعظم نذیر تارڑ کاغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ہمیشہ صلح جوئی کی بات کرتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کا ڈائیلاگ کیلئے کمیٹی بنانے کا اچھا فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق نے وزیراعظم سے کہا ڈائیلاگ ہونے چاہئیں، گفت و شنید ڈائیلاگ بات چیت یہی سیاست کا نام ہے، دھرنے،مارکٹائی یہ سیاست نہیں ہے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن اور حکومتی اتحاد موجود ہے، ہمیں عزت کرنی چاہیے، حکومتیں آتی جاتی ہیں ہم سب کا ایک ٹارگٹ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپس میں بیٹھنے سے معاملات بہتر ہوتے ہیں، ہم پہلے بھی بات کرتے تھے کہ پارلیمنٹ کے فلور سے بات کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں