رومانیہ کی بحری افواج کے سربراہ کا پاکستان بحریہ کے نئے جنگی جہاز پی این ایس یمامہ کا دورہ

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق رومانیہ کی بحری افواج کے سربراہ نے پاکستان بحریہ کے نئے جنگی جہاز پی این ایس یمامہ کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان وائس ایڈمرل میہائی پنائیت (Mihai Panait) کو جہاز کی آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

قبل ازیں وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی اور رومانیہ کی نیول فورسز کے سربراہ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں دونوں کمانڈرز نے بحری افواج کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 17 دسمبر کو کمیشن ہونے والے پی این ایس یمامہ نے رومانیہ کے بحری جہاز کے ساتھ اپنی پہلی بحری مشق کا بھی انعقاد کیا، مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس یمامہ پاک بحریہ کے ان چار جہازوں میں سے آخری جہاز ہے جو ڈیمین شپ یارڈز میں تعمیر کیے گئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاک بحریہ نے تین آف شور پٹرول ویسلز پی این ایس تبوک، پی این ایس یرموک اور پی این ایس حنین اپنے بیڑے میں شامل کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں