کیوبا میں ایک بار پھر سمندری طوفان ’رافیل‘ نے تباہی مچا دی
ہوانا: (دنیا نیوز) کیوبا میں ایک بار پھر سمندری طوفان ’رافیل‘ نے تباہی مچا دی، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹراپیکل اسٹارم رافیل سے کیوبا میں تباہی پھیل گئی ہے، کیوبا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے، 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں راستے میں آنے والی ہر شے اڑا لے گئیں۔
طوفانی ہواؤں سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا اور نیشنل گرڈ اسٹیشن میں خرابی کے سبب کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، بجلی کی معطلی کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔
مغربی کیوبا میں تباہی پھیلانے کے بعد کیٹیگری 3 کے سمندری طوفان رافیل نے بدھ کی رات خلیج میکسیکو کی طرف رخ کر لیا ہے، طوفان کی وجہ سے ہوانا کے ساحلوں پر زبردست لہریں اٹھیں اور بدھ کی شام شہر میں تیز ہواؤں اور بارش نے سڑکوں پر درختوں کو اکھاڑ پھینکا۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ رافیل کی وجہ سے مغربی حصوں میں ’جان لیوا‘ طوفانی لہریں اٹھ سکتی ہیں اور آندھی اور سیلاب آ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کیوبا دو ہفتے قبل آںے والے ایک اور سمندری طوفان کے اثرات سے بھی ابھی نہیں نکلا ہے کہ رافیل نے تباہ کن بلیک آؤٹ سے اسے دوچار کر دیا ہے۔