وزیراعظم سے ترکیہ کے نئے سفیرکی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا اعادہ

اسلام آباد : (دنیانیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عزت مآب عرفان نذیراوعلو نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر عزت مآب نذیراوعلو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی بنیادی مفادات کے حوالے سے ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترک صدر کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترکیہ کے سفیر نذیراوعلو نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے مضبوط اور تاریخی رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے مکمل عزم اور حمایت کا یقین دلایا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں