پی ٹی اے کا فری لانسرز کو ڈیٹا سکیورٹی و انٹرنیٹ کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنانے کا عزم

اسلام آباد: (حریم جدون) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فری لانسرز کو ڈیٹا سکیورٹی اور انٹرنیٹ کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پی ٹی اے کی وی پی این رجسٹریشن کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے، سٹیک ہولڈرز نے وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو بہتر بنانے کے طریقہ کار پر بات چیت کی تاکہ کاروبار کے تسلسل اور انٹرنیٹ کی محفوظ خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے پی ٹی اے کی جانب سے سہولت فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وی پی این رجسٹریشن کے لئے مناسب وقت دیا جائے،ایسوسی ایشن نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز پر مشاورت کے تقاضوں پر زور دیا تاکہ کسی بھی قسم کے تعطل سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے نے مجاز صارفین کو وی پی این تک بلاتعطل رسائی کی یقین دہانی کرادی جبکہ فری لانسرز کو ڈیٹا سکیورٹی اور انٹرنیٹ کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر ہاؤسز، بی پی او فرمز، بینکوں اور سفارت خانوں کو وی پی این تک بلاتعطل رسائی ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں