شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی این آئی ایل لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے خلاف درخواست پر 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے شہری منیر احمد کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ پی این آئی ایل لسٹ کا قانونی وجود نہیں ہے، بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ای سی ایل لسٹ میں نام ڈالے جا سکتے ہیں، پی این آئی ایل لسٹ سمگلرز کے لیے بنائی گئی تھی، حکومت کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر اس لسٹ کا استعمال کیا جارہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پی این ایل آئی لسٹ میں شہریوں کے نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پی این آئی ایل لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے خلاف درخواست پر 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔