رینجرز اہلکاروں پرشرپسندوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

اسلام آباد: (دنیانیوز) رینجرز اہلکاروں پر شرپسندوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی نے نام نہاد احتجاج کی آڑ میں اسلام آباد میں ڈیوٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں کو کچل ڈالا، افسوسناک واقعہ26 نومبر2024 کی رات 2بجکر44منٹ پر رونما ہوا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ " شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی درخت کے عقب سے آتے ہوئے رینجرز اہلکاروں کو کچلتے ہوئے آگے نکل گئی"، اس افسوسناک واقعے میں رینجرز کے تین اہلکار شہید ہو گئے اور تین شدید زخمی ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب رینجرز جوان ناکہ پر تعینات ہو رہے تھے، یہ واقعہ بھی شر پسندوں کی منظم اور سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیا گیا، جس کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی احتجاج: شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، 4 اہلکار شہید

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر واقع کو حقائق کے برعکس توڑ مروڑ کر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اس سے قبل بھی پرتشدد مظاہرین کی متعدد ویڈیوز منظرِ عام پر آچکی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے شر پسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، واقعے میں ملوث شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان شدید زخمی ہوگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں