کرپشن کے الزامات: چین کے وزیر دفاع کیخلاف تحقیقات کا آغاز

بیجنگ: (اے پی پی) چین کی حکومت نے وزیر دفاع ڈونگ جون کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونگ جون چین کے تیسرے وزیر دفاع ہیں جو کرپشن کے الزامات پر زیر تفتیش آئے ہیں، صورتحال سے واقف موجودہ اور سابق امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے کہا ہے کہ ڈونگ کے خلاف تحقیقات فوجی بدعنوانی کے خلاف چینی حکومت کی وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈونگ جون سابق بحری کمانڈر ہیں جن کو گزشتہ سال دسمبر میں لی شنگ فو کی جگہ وزیر دفاع بنایا گیا تھا، لی شنگ فو کے پاس یہ وزارت صرف سات ماہ رہی اور ان کو بعدازاں کرپشن ثابت ہونے پر حکمران کمیونسٹ پارٹی سے نکال دیا گیا۔

بیجنگ نے گزشتہ سال کے دوران مسلح افواج میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید گہرا کیا ہے، اس ماہ صدر شی جن پنگ نے فوج میں بدعنوانی کے خاتمے اور اپنی جنگی تیاری کو مضبوط کرنے کا حکم دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں