پی ٹی آئی کی رضا مندی کے بغیر مذاکرات ممکن نہیں: قمرزمان کائرہ
لاہور:(دنیا نیوز)رہنما پیپلزپارٹی قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی رضا مندی کےبغیرمذاکرات ممکن نہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’بات نکلےگی‘‘ میں گفتگو کرتے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے بعد بھی بانی نے مذاکرات سے انکارکیا، اگر6 مئی کو معاہدہ ہو جاتا تو9 مئی کا سانحہ نہ ہوتا، پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کو واپس لینےکی کوشش کو تسلیم نہیں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے، عمران خان چیف الیکشن کمشنر بھی تبدیل کرنا چاہتے تھے، اگر بانی کامیاب ہو جاتے تو فاشزم کا نیا جہان تشکیل پاتا۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا منصوبہ روکنے کے لیےعدم اعتماد کا منصوبہ بنایا گیا ، تجویز تھی کہ آدھی مدت پیپلزپارٹی اور آدھی مدت(ن)لیگ حکومت کرے، پیپلزپارٹی نے اس تجویز کو ماننے سے انکار کیا۔
قمرزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم منظورکرنا وقت کا تقاضا تھا، ہم نےمدارس رجسٹریشن بل کوووٹ دیا ہے، بلاول بھٹو مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں۔