پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک، ضلع شمالی وزیرستان میں دتہ خیل اور ضلع مہمند میں ممد گٹ کے علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں 11 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا، پوری قوم کو دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں شریک سکیورٹی فورسز کے تمام جوانوں پر فخر ہے، انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔
محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لئے سرگرم عمل رہیں گی۔