سال 2024: شہریوں کے جان و مال کا تحفظ وفاقی پولیس کیلئے بڑا چیلنج بنا رہا

اسلام آباد: (عادل تنولی) سال 2024 کے دوران بھی امن وامان کیساتھ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ وفاقی پولیس کیلئے بڑا چیلنج بنا رہا۔

مختلف واقعات میں 163 افراد قتل، 750 افراد اغوا ہوئے، کار، موٹر سائیکل اور گھریلو چوری کے واقعات میں نمایاں کمی دکھائی دی۔

سال دو ہزار چوبیس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں کمی ریکارڈ ہوئی، دسمبر کے دوسرے عشرے تک مختلف جرائم کے 22 ہزار 625 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد کے شہریوں کے ساتھ مالی فراڈ کے کیسز پہلے نمبر پر رہے، نوسر بازوں نے 2 ہزار 300 افراد کو چونا لگا دیا۔

رواں سال اسلام آباد میں قتل کی 163 وارداتیں ، اقدام قتل کے 274 کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کار چوری میں کمی کے ساتھ 429 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، موٹر سائیکل چوری کے 3400 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ منشیات کیخلاف کارروائیاں بھی بلاتفریق جاری رہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سال 2024 میں ڈکیتی، اغوا اور زیادتی کے واقعات میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

سال 2023 کی بدولت سال 2024 میں سنگین جرائم میں 75 فیصد کمی واقع ہوئی، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باوجود اسلام آباد پولیس جرائم کے خلاف متحرک رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں