وزیرخزانہ کا یورپی یونین کو پاکستان میں کاروبار کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یورپی یونین کو پاکستان میں کاروبار کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں یورپی یونین کے جاری منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی حمایت بالخصوص جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنس پلس سہولت کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوا ہے، جی ایس پی پلس سہولت سے آئندہ سالوں میں یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کو وسعت ملے گی۔
یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیر خزانہ محمداورنگزیب کو مئی 2025 میں ہونے والے بزنس اور سرمایہ کاری کے فورم میں شرکت کی دعوت دی جس کی میزبانی پاکستان میں یورپی یونین کا مشن کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فورم کی میزبانی پر ڈاکٹر کیونکا کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔