بیٹی کی پیدائش پر ناخوش والدین نے بچی کو پانی کی ٹینکی میں ڈبو کر مار ڈالا
میانوالی: (ویب ڈیسک) بیٹی کی پیدائش پر ناخوش بدقسمت ماں باپ نے اپنی ہی کمسن بچی سے جینے کا حق چھین لیا۔
پنجاب کے شہر میانوالی میں والدین نے مبینہ طور پر اپنی 2 ماہ کی کمسن بیٹی کو قتل کر دیا جس پر پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقتولہ بچی کے والد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ والدین بیٹے کی خواہش رکھتے تھے، بیٹی کے پیدا ہونے پر مبینہ طور پر اسے قتل کر دیا گیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ 2 ماہ کی بچی کو پانی کی ٹینکی میں ڈبو کر مارا گیا ہے، بچی کے والد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ ماں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔