شہباز شریف سے انڈونیشین صدر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے انڈونیشیا کے صدر پرابوووسوبیانتو کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے حوالے سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر تجارت، دفاع، سلامتی، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا عزم کیا گیا، تجارتی حجم مزید بڑھانے کیلئے ترجیحی تجارتی معاہدے پر نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
.jpg)
ملاقات میں زرعی اجناس، آئی ٹی، پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا گیا، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے صدر انڈونیشیا کے عوامی فلاح و بہبود پر مبنی اقدامات کی تعریف کی، دونوں رہنماؤں نے کشمیر اور غزہ کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
.jpg)
دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ڈی8 سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی اور فعال تعاون پر گفتگو کی، وزیراعظم شہبازشریف نے صدر انڈونیشیا کو ڈی8 کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی 8 فورم پر پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وزیراعظم شہبازشریف نے انڈونیشیا کے صدر اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔