کوئٹہ کی 172یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات 28دسمبر کو ہوں گے
کوئٹہ:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ کے 172یونین کونسل کے 641 وارڈ ز پر بلدیا تی انتخابات 28دسمبر کو ہوں گے، بلدیاتی انتخابات کے لئے جمع کروائے جانے والے 2 ہزار 870 امیدواروں کے کاغذات درست پائے گئے۔
ای سی پی ترجمان نے بتایا کہ 329 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں، کوئٹہ میں بلدیا تی انتخابات کے لئے مجمو عی طورپر 2541امیدوار میدان میں موجود ہیں،641 وارڈز میں سے 108 وارڈز پرصرف 1،1امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اِسی طرح کوئٹہ کی18 وارڈز میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، زرغون کے 46 یونین کونسل اور161وارڈ زپر بلدیاتی انتخابات ہوں گے، لتن کے46 یونین کونسل اور173 وارڈز پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سریاب کے 38یونین کونسل اور145وارڈز پر بلدیا تی انتخابات ہوں گے جب کہ تکتو کے42یونین کونسل اور142 وارڈز پر بلدیا تی انتخابات ہو رہے ہیں۔