ملک سے باہر جانا مسائل کا حل نہیں، حامی تیار کرنے اور نظام بدلنا ہے: حافظ نعیم
کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مایوس ہوکر ملک سے باہر جانا مسائل حل نہیں، ہمیں عالمی سطح پر نظام بدلنا ہےاوراپنے حامی تیار کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا اتنا بڑا اجتماع نہیں ہوا، جماعت اسلامی کا اجتماع نوجوان نسل کیلئے ایک امید بنا، ہم نوجوانوں کو مہارت، اے آئی اورٹیکنالوجی سے آگاہ کریں گے، ہم ہنر حاصل کرنے والے نوجوانوں کی بھی سرپرستی کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی دیں گے، جماعت اسلامی نے اجتماع میں پوری قوم کیلئے لائحہ عمل دیا، جماعت اسلامی کو اجتماع میں پوری دنیا سے اتنی پذیرائی کبھی نہیں ملی۔
انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا میں ظالموں کا ساتھ دینا والا نظام موجود ہے، پوری دنیا پر چند لوگوں نے طاقت کی بنیاد پر قبضہ کیا ہوا ہے، ہمیں عالمی سطح پر نظام بدلنا ہےاوراپنے حامی تیار کرنے ہیں، مغرب میں بھی بہت لوگ اس نظام کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام ایک نظام ہے جو پوری انسانیت کو عدل دے سکتا ہے، قوموں کی قوموں پر بالادستی نہیں ہوسکتی، جماعت اسلامی کا ایجنڈا بدل دو نظام محض ایک نعرہ نہیں بلکہ عوام کی تمنا اورخواہش ہے۔