حکومت پر خصوصی بچوں کو بااعتماد اور خودمختار بنانا فرض ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتِ وقت پر فرض ہے کہ وہ خصوصی بچوں کو معاشرے میں کھڑا ہونے کے قابل بنائے، یہ قوم کے بچے ہیں، انہیں بااعتماد اور خودمختار بنانا فرض ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں آٹزم کے لیے سینٹرآف ایکسیلنس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ قوم کے کئی ادارے خصوصی بچوں کیلئے دہائیوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں، آج آٹزم کے شکار بچوں کیلئےسینٹر آف ایکسی لینس کاسنگ بنیاد رکھا، کہا گیا کہ یہ ادارہ 2 سال میں مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کو دو نہیں ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے، اللہ نے خصوصی بچوں کو بے پناہ صلاحتیوں سےنوازا ہوتا ہے، خصوصی بچے بھی قوم کے بچے ہیں، ابھی ایک خصوصی بچے نے میوزک کی شانداردھنیں بکھیریں، ایک بچے نے میوزک کی دھنوں سے پورے پاکستان کیلئے محبت کے پھول بکھیرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تربیت ہمارا اجتماعی فرض ہے، جو بھی اس کارخیر میں حصہ ڈالے گا وہ دنیا اورآخرت دونوں کمائے گا، خصوصی بچوں کا ہاتھ تھامنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اس ادارے کو آگے لیکر جانے کیلئے سب کو اپنی کاوشیں بروئے کار لانی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آٹزم سینٹر آف ایکسی لینس کیلئے 15کوچز کا اعلان کرتا ہے، اس نئے ادارے کی تعمیر پرخراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ 15کوچز گرانٹ کے طور پر دی ہیں تاکہ سرخ فیتے کاٹ دیا جائے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے آٹزم سے متاثرہ زیر تربیت بچوں سے ملاقات کی، شفقت کا اظہار کیا۔

تقریب کے آغاز پر خصوصی بچوں نے قومی ترانہ پڑھ کر وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا، خصوصی صلاحیت کے حامل بچوں کی جانب سے فن موسیقی کا مظاہرہ کیا گیا، خوبصورت انداز میں خاکہ بھی پیش کیا گیا۔

وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ہم قومی ارادے کو قومی ادارے میں تبدیل کررہے ہیں، اللہ کسی بھی شخص کو معذوری کے ساتھ طاقت اورصلاحیت بھی دیتا ہے، جن کو قوم بوجھ سمجھتی ہے ہمارا یہ ادارہ ان کو باصلاحیت بناتا ہے۔

اس موقع پر آٹزم ایکسپرٹ عائشہ ہارون نے بتایا کہ والدین سے بڑھ کر اس دنیا میں کوئی خوشی نہیں، خصوصی بچوں کی خدمت کرتے ہوئے15سال ہوگئے، اولاد دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے، میرا بچہ آٹزم کا شکار ہوا جس سے میری زندگی کا رخ بدل گیا۔

عائشہ ہارون نے بتایا کہ برطانیہ میں خصوصی بچوں کے ادارے سے سیکھنے کا موقع ملا، وطن واپسی پر2009میں خصوصی بچوں کیلئے اوئیسس سکول کی بنیاد رکھی، آج اس ادارے میں 70بچے زیر تعلیم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں