علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت کی، پراسیکوٹر سید ظہیر شاہ پراسیکوشن ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

اس موقع پر علیمہ خان کے وکیل کی جانب سے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لی۔

مقدمہ میں نامزد 3 ملزمان کے وکلاء نے استغاثہ کے 8 گواہان پر جرح مکمل کر لی، عدالت نے علیمہ خان سمیت 8 ملزمان کو گواہان کے بیان پر جرح کرنے کا آخری موقع دے دیا گیا اور کہا کہ آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کرنے پر سرکاری وکیل مقرر کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ملزمان ساجد علی قریشی،علی رضا،محمد حنیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے، تینوں ملزمان کی جانب سے کوئی پلیڈر یا وکیل عدالت پیش نہ ہوا، عدالت نے مقدمہ کی سماعت پیر 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔

بعدازاں علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف آج 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمے کی سماعت تھی، عدالت کو بتایا ہے کہ علیمہ خان مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہوسکتیں۔

وکیل فیصل ملک نے کہا کہ علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی ہے، عدالت سے استدعا کی ہے کہ ہمیں 7 جنوری کی تاریخ دی جائے، علیمہ خان کی ہدایات ہیں کہ عدالت میں جو بھی کارروائی ہو ان کے سامنے ہو، عدالت کے علم میں لایا ہوں کہ علیمہ خان اگلی تاریخ پر پیش ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں