بھارتی جبر کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہا: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی جبر و تشدد کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کو پست کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
کشمیریوں کے یومِ حقِ خودارادیت پر اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 5 جنوری کو یو این سکیورٹی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا، 5 جنوری 1949ء کو یو این کمیشن برائے پاکستان و بھارت نے تاریخی قرار داد منظور کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرارداد میں طے پایا کہ ریاستِ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری سے ہوگا لیکن افسوس کہ بھارت کے جموں وکشمیر پر غیر قانونی قبضے کے باعث یہ عہد پورا نہ ہوسکا۔
شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، بین الاقوامی برادری بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے۔