خوش اخلاقی اور عوامی خدمت ترجیح ہونی چاہئے: وزیراعظم ، آسان خدمت مرکز کا افتتاح

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک شاندار اقدام ہے اور یہاں کے اسٹاف کی خوش اخلاقی، احترام اور خدمت کی اعلیٰ خصوصیات شہریوں کے لیے ایک مثبت تجربہ ثابت ہوں گی۔

وزیر اعظم نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ایف پی آر اور دیگر متعلقہ ادارے اس مرکز میں خدمات فراہم کریں گے، جس سے عوام کے لیے سہولت میں بے پناہ اضافہ ہوگا، انہوں نے سٹاف ممبرز کی تربیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ماسٹرز ٹرینرز کی زیر نگرانی یہ ٹیم نہ صرف وطن میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تربیت حاصل کر چکی ہے، اور ان کی خوش اخلاقی اور احترام عوام کی خدمت کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مرکز کی خدمات سے یہاں آنے والے پاکستانی بھائی بہن اور نوجوان نہ صرف فائدہ اٹھائیں گے بلکہ سٹاف کی محنت اور مسکراتے ہوئے چہروں کو بھی دل سے سراہیں گے۔

وزیر اعظم نے اس ادارے کے قیام میں شامل محنت کشوں، سٹڈی گروپس اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیاری کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مرکز کو عوام کی خدمت میں کامیاب بنائے اور اس کی مزید توسیع کے منصوبے جلد مکمل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے نہ صرف یہاں ایکسپینشن کرنی ہے بلکہ مظفرآباد میں بھی اسی طرح کا شاندار سینٹر قائم کیا جائے گا، جو حکومت پاکستان کے تعاون سے آزاد کشمیر کی حکومت کو دیا جائے گا، اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی ایک سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ وہاں کے بھائی بہن اور عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ بعد میں مزید سینٹرز کھولنے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور یہاں کی مینجمنٹ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں گزارش کرتا ہوں کہ آپ کی بہترین کارکردگی اور خوش اخلاقی سے یہاں آنے والے صارفین متاثر ہوں اور مزید لوگ اس سہولت سے مستفید ہونے کے لیے آئیں، تاکہ یہ ادارہ جس مقصد کے لیے بنایا گیا اور جس سرمایہ سے قائم ہوا، وہ بھرپور طریقے سے عوام تک پہنچ سکے۔ آپ کی خدمت، مسکراہٹ اور الرٹس نہ صرف دین میں بلکہ دنیا میں بھی آپ کے لیے اجر کا باعث بنیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں