ملکی انڈسٹری اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے، اس کو بچا لیں: ایس ایم تنویر
گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سابق وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ انڈسٹری قبرستان میں تبدیل ہو رہی ہے، انڈسٹری اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے اس کو بچا لیں۔
گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ کاروباری حالات ملکی حالات اور اکانومی کو بزنس کمیونٹی نے ہی چلانا ہے۔
سابق وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ ہم تاجر ہیں ہم گورنمنٹ کے خلاف نہیں ہیں، اگر غلط کام کریں گے تو ہم بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے 150 ٹیکسٹائل یونٹس بند ہوگئے ہیں، ایک ہزار یونٹس لگانے میں تین نسلیں لگ جاتی ہیں، گوجرانوالہ کی تمام انڈسٹری تباہی کے دھانے پر ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ ورلڈ اکنامک گلوبل رسک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج چڑھ جانا اچھی بات ہے، سٹاک ایکسچینج چڑھ جانے سے تاجر کو فائدہ نہیں ہوتا، سٹاک ایکسچینج چڑھ تو جاتی ہے لیکن پیسہ سارا دبئی جا رہا ہے، اصل کام تو یہ ہے کہ پیسہ ملک واپس لایا جائے۔
سابق وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ پچھلے سال 11.24 ٹریلین ٹیکس اکٹھا کیا، گورنمنٹ نے 8 ٹریلین ٹیکس سود میں دیا ہے، 68 فیصد ٹیکس سود میں دیا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ اس سال حکومت نے پچھلے سال سے زائد تین فیصد ٹیکس لینا ہے، ہم ٹیکس دینے کے خلاف نہیں ہیں لیکن جو ٹیکس نہیں دیتے ان سے لیں۔
انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان سے فرار ہو رہی ہیں، یہ ہمارا ملک ہے ہم مل کر اسے ٹھیک کریں گے۔