وزیراعظم سے ایم ڈی آئی ایم ایف اور فلسطینی وزیراعظم کی ملاقات

ڈیووس: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا اور فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کی جانب سے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف اور تعریف کی گئی۔

کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان طویل مدتی اقتصادی لچک کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کی رفتار کو برقرار رکھے۔

ملاقات میں عالمی اقتصادی نقطہ نظر، ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش چیلنجزپر بھی غور کیا گیا، ملاقات میں اقتصادی استحکام کے تحفظ میں کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی شریک ہوئے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

شہباز شریف سے فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ نے بھی ملاقات کی، فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ خود چل کر وزیراعظم شہباز شریف کے پاس آئے اور اپنا تعارف کرایا۔

فلسطینی وزیراعظم نے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی مستقل، اصولی اور غیر متزلزل حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا دلی شکریہ ادا کیا۔

محمد مصطفیٰ نے عالمی فورمز پر فلسطین کے موقف کی حمایت اور فلسطین کاز کیلئے پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں