سانحہ گل پلازہ: خالد مقبول صدیقی کا وزیر اعظم کو خط، آزاد کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ
کراچی: (ویب ڈیسک) سانحہ گل پلازہ پر چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
خط میں چیئرمین ایم کیو ایم نے سانحہ گل پلازہ انکوائری کمیشن کے نام سے اعلیٰ سطح کی غیر جانبدارانہ اور شفاف کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کمیشن میں ایف آئی اے، نیب، این ڈی ایم اے سمیت دیگر کو شامل کیا جائے، وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف کے انتظامات سنبھالیں تاکہ انسانی اعضاء اور قیمتی اشیاء محفوظ رہ سکیں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاق کے زیرِ انتظام ریلیف اور بحالی فنڈ قائم کیا جائے تاکہ لواحقین اور متاثرین کی مالی مدد کی جا سکے، 7 روز گزر جانے کے بعد اب تک کئی لوگ گمشدہ ہیں، لواحقین کو اپنے پیاروں کی لاشیں نہیں ملیں، 12 ہزار سے زائد خاندان اس واقعے سے براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔
خط میں خالد مقبول صدیقی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعے میں ہلاکتوں و مالی نقصانات کی براہِ راست ذمے دار سندھ حکومت، صوبائی محکمے، بلدیاتی ادارے ہیں، سندھ حکومت، میئر کراچی، ایس بی سی اے اور دیگر ادارے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں۔