مستقبل میں سمارٹ گلاسز کے بغیر زندگی کا تصور مشکل ہوگا، مارک زکربرگ

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) فیس بک کے بانی اور میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ مستقبل میں بغیر سمارٹ گلاسز کے زندگی کا تصور کرنا مشکل ہو گا۔

زکربرگ نے یہ بات میٹا کی مالی سال2025 کی سہ ماہی رپورٹ پیش کرنے کی تقریب کے دوران کہی اور کمپنی کے اے آئی سمارٹ گلاسز کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ دنیا میں اربوں لوگ نظر کی اصلاح کے لیے چشمہ یا کانٹیکٹ لینس استعمال کرتے ہیں، اور ان کا ماننا ہے کہ جیسا اسمارٹ فونز نے موبائل فونز کا منظر بدل دیا، اسی طرح چند برسوں میں زیادہ تر چشمے اے آئی اسمارٹ گلاسز کی شکل اختیار کرلیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ میٹا کے اسمارٹ گلاسز کی فروخت گزشتہ سال میں 3 گنا بڑھ گئی اور یہ الیکٹرانکس کی تاریخ میں سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والے آلات میں شامل ہیں۔

میٹا کے علاوہ گوگل بھی اس سال اسمارٹ گلاسز لانچ کرنے کی تیاری کررہا ہے، جبکہ ایپل اگلے ایک یا 2 سال میں اسمارٹ گلاسز متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے، اسنیپ نے بھی اپنی اے آر گلاسز اسپیسز کے لیے الگ سبسڈری قائم کی ہے تاکہ ان کی ترقی اور مارکیٹنگ پر زیادہ توجہ دی جاسکے۔

میٹا نے اے آئی گلاسز کے مختلف ماڈلز مارکیٹ میں پیش کردیے ہیں، جن میں اوکلے اسمارٹ گلاسز شامل ہیں جو ورزش کے دوران استعمال کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں، اور یہ اب تک کے سب سے مؤثر اور دلچسپ استعمالات میں شمار کیے جاتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں