ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں مادرِ وطن پر قربان ہونے والے 10 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی مزموم کوشش کو بری طرح ناکام بنانے اور دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔

انہوں نے کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر میں 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے منظم حملوں کو ناکام بنانے اور 58 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے گزشتہ 48 گھنٹوں میں مختلف آپریشنز میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم 88 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر ارض وطن کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، سکیورٹی فورسز کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ارض وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں۔

دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک: محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور وزیرداخلہ محسن نقوی کا حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک ملانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں: بلاول بھٹو 

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد حملوں کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی نیٹ ورک کی کمر توڑ دی۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کاروائیوں کے بعد بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلوچستان میں حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہید اہلکاروں نے اپنی جان پر وطن کی حفاظت کو ترجیح دی، قوم ان کی مقروض ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں