روسی افواج نے جنوری میں یوکرین کی 24 آبادیوں پر کنٹرول حاصل کر لیا

ماسکو: (شاہد گھمن سے) روسی وزارتِ دفاع کی رپورٹس کی بنیاد پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق روسی افواج نے جنوری 2026 کے دوران خصوصی فوجی آپریشن کے علاقے میں 24 آبادیوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔

 رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ پیش رفت زاپوروزیے ریجن میں ریکارڈ کی گئی، جہاں مشرقی اور دنیپر بیٹل گروپس کے دستوں نے 10 آبادیوں کو اپنے کنٹرول میں لیا، ان میں ترنوفاتویے، نوویاکوولیوکا، ریچنویے، پریلوکی، پاولووکا، ژووطنویے، بیلوگوریے، نووبوئکووسکویے، زیلینیے اور پیٹرووکا شامل ہیں۔

ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ میں مغربی اور مرکزی بیٹل گروپس نے چھ آبادیوں پر قبضہ حاصل کیا، جبکہ خارکیف ریجن میں روسی دستوں نے چار اہم آبادیوں کو کنٹرول میں لے لیا، اسی طرح سومی ریجن میں تین آبادیوں کو روسی کنٹرول میں لیا گیا، جب کہ دنیپروپیٹرووسک ریجن میں ایک آبادی روسی افواج کے زیرِ کنٹرول آئی۔

روس کے چیف آف جنرل اسٹاف ویلری گیرایسیموف کے مطابق جنوری کے ابتدائی دو ہفتوں میں روسی افواج نے 300 مربع کلومیٹر سے زائد علاقے پر قبضہ اور آٹھ آبادیوں کو آزاد کرایا تھا، جس کے بعد مہینے کے اختتام تک پیش رفت میں مزید اضافہ ہوا۔

وزارتِ دفاع کی رپورٹس کے مطابق جنوری کے دوران یوکرینی فوج کو ہلاک اور زخمی ملا کر 38 ہزار سے زائد اہلکاروں کا نقصان اٹھانا پڑا، سب سے زیادہ جانی نقصان بیٹل گروپ سینٹر کے محاذ پر ریکارڈ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں