لاہور میں بسنت کی تیاریاں، پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی فروخت شروع

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بسنت کی تیاریوں کا آغاز، پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی فروخت آج سے شروع ہوگئی۔

لاہور میں 2246 ٹریڈرز کو خریدو فروخت کی اجازت مل گئی، ضلع لاہور میں آج سے 8 فروری تک پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی خرید وفروخت کی اجازت دے دی گئی، 8 فروری کے بعد پتنگیں بنانے اور بیچنے پر مکمل پابندی ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق ابھی تک 2504 ٹریڈرز نے آن لائن اپلائی کیا، 163 رجسٹریشن ان پراگریس ہیں، 95 ٹریڈرز کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں، 8 فروری تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا، مزید ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب لاہور میں پتنگیں اور ڈور کی خریداری کا آغاز ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے اندرون شہر کا رخ کر لیا۔

عوام کے شدید رش کے باعث دکانداروں نے ایک گھنٹہ بعد ہی دکانیں بند کر دیں، شہریوں کی جانب سے ڈور گڈی کی قیمت زیادہ ہونے کا شکوہ کیا جا رہا ہے۔

ایک تاوا گڈا 250 روپے سے 300 روپے تک میں فروخت ہوا، ڈیڑھ تاوا گڈا 450 روپے سے 500 روپے میں فروخت ہوا، ایک پیس کا پناہ 4 ہزار اور ڈیڑھ پیس کا پناہ 6 ہزار میں فروخت ہونے لگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں