پاکستانی سپنرز کا ٹی 20 کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ
لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستانی سپنرز نے پہلی بار تمام 10 وکٹیں حاصل کر کے نیا کارنامہ سر انجام دے دیا۔
آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں دوسرے ٹی 20 میں تمام 10 وکٹیں پاکستانی سپنرز نے لیں، ابرار احمد اور شاداب خان نے 3،3 عثمان طارق نے 2، صائم اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ ٹی 20 کی تاریخ میں اننگز کی تمام وکٹیں سپنرز کے نام ہونے کا مجموعی طور پر 10 واں اور فل ممبرز کے درمیان میچ کا صرف دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل فل ممبرز میں سے صرف بھارتی سپنرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا، بھارت نے فلوریڈا میں 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں تمام 10 وکٹیں لی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سکور کئے، جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 16 ویں اوور میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔